ڈیجیٹل کرنسیز کی دنیا بظاہر ایک اسکرین پر چلتے ہوئے کچھ نمبروں کی طرح نظر آتی ہے، لیکن حقیقت میں ان نمبروں کے پیچھے ایک مکمل مالیاتی نظام، عالمی خبریں، سرمایہ کاروں کے جذبات اور جدید ٹیکنالوجی کام کر رہی ہوتی ہے۔ جب ہم کسی کرپٹو ایکسچینج یا ویب سائٹ پر بٹ کوائن، ایتھیریم یا کسی اور کرپٹو کرنسی کی قیمت دیکھتے ہیں تو وہ دراصل اس پوری مارکیٹ کی سرگرمی کا خلاصہ ہوتی ہے۔
کرپٹو مارکیٹ میں قیمتیں ہر لمحہ بدلتی رہتی ہیں۔ کبھی چند گھنٹوں میں ہزاروں ڈالر کا اضافہ ہو جاتا ہے اور کبھی اچانک تیزی سے کمی آ جاتی ہے۔ یہی مسلسل اتار چڑھاؤ اس مارکیٹ کو دلچسپ بھی بناتا ہے اور خطرناک بھی۔ اسی وجہ سے سرمایہ کار اور ٹریڈرز مختلف طریقوں سے یہ سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ مارکیٹ کس سمت جا رہی ہے اور مستقبل میں قیمتوں کا رجحان کیا ہو سکتا ہے۔
اسی رجحان یا سمت کو مارکیٹ ٹرینڈ کہا جاتا ہے۔
کرپٹو مارکیٹ ٹرینڈز (Market Trends) کیا ہوتے ہیں؟
اگر آپ کبھی سمندر کے کنارے گئے ہوں تو آپ نے دیکھا ہوگا کہ لہریں مسلسل اوپر نیچے ہوتی رہتی ہیں۔ کچھ لہریں بڑی ہوتی ہیں اور کچھ چھوٹی۔ لیکن اگر آپ تھوڑی دیر تک غور کریں تو آپ کو اندازہ ہو جاتا ہے کہ مجموعی طور پر پانی آگے کی طرف بڑھ رہا ہے یا پیچھے کی طرف جا رہا ہے۔
کرپٹو مارکیٹ میں بھی بالکل یہی صورتحال ہوتی ہے۔
قیمتیں ہر لمحہ اوپر نیچے ہوتی رہتی ہیں لیکن ایک خاص مدت کے دوران وہ کسی نہ کسی سمت میں زیادہ حرکت کرتی ہیں۔ اسی مجموعی سمت کو ٹرینڈ کہا جاتا ہے۔
عام طور پر مارکیٹ میں تین قسم کے ٹرینڈ ہوتے ہیں:
1۔ اپ ٹرینڈ (Uptrend)
جب کسی کرپٹو کرنسی کی قیمت مسلسل بڑھتی جا رہی ہو تو اسے اپ ٹرینڈ کہتے ہیں۔ اس دوران ہر نئی قیمت پچھلی قیمت سے زیادہ ہوتی ہے۔
مثال کے طور پر اگر بٹ کوائن کی قیمت چند دنوں میں اس طرح بڑھ رہی ہو تو یہ واضح طور پر ایک اپ ٹرینڈ ہے:
-
60,000 ڈالر
-
62,000 ڈالر
-
65,000 ڈالر
-
68,000 ڈالر
حقیقی مثال کے طور پر 2020 کے آخر اور 2021 کے شروع میں بٹ کوائن کی قیمت تیزی سے بڑھی تھی۔ اس دوران قیمت تقریباً 10 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 60 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس پورے عرصے کو ایک مضبوط اپ ٹرینڈ یا بل (Bull) ٹرینڈ کہا جاتا ہے۔
2۔ ڈاؤن ٹرینڈ (Downtrend)
جب قیمتیں مسلسل کم ہوتی جائیں تو اسے ڈاؤن ٹرینڈ کہا جاتا ہے۔
مثلاً اگر بٹ کوائن کی قیمت اس طرح کم ہو رہی ہو تو یہ ایک ڈاؤن یا بئیر (Bear) ٹرینڈ ہے:
-
70,000 ڈالر
-
65,000 ڈالر
-
60,000 ڈالر
-
55,000 ڈالر
کرپٹو مارکیٹ میں ایسے ڈاؤن ٹرینڈ کئی بار آ چکے ہیں۔ مثال کے طور پر 2022 میں بٹ کوائن کی قیمت تقریباً 69 ہزار ڈالر کی چوٹی سے گر کر 20 ہزار ڈالر کے قریب آ گئی تھی۔ تا دم تحریر بھی مارکیٹ ایک لانگ ٹرم ڈاؤن ٹرینڈ میں ہے۔
3۔ سائیڈ وے ٹرینڈ (Sideways Trend)
کبھی کبھی مارکیٹ نہ واضح طور پر اوپر جاتی ہے اور نہ نیچے۔ بلکہ قیمت ایک محدود دائرے میں گھومتی رہتی ہے۔
مثال کے طور پر:
-
30,000 ڈالر
-
31,000 ڈالر
-
29,500 ڈالر
-
30,800 ڈالر
یہ صورتحال سائیڈ وے ٹرینڈ کہلاتی ہے۔ ایسی صورتحال میں ٹریڈرز کے لیے فیصلہ کرنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ مارکیٹ واضح سمت نہیں دکھا رہی ہوتی۔
یہاں یہ بات ذہن میں رہنی چاہیے کہ ایک بڑے ٹرینڈ کے اندر ہمیشہ چھوٹے ٹرینڈز بھی موجود ہوتے ہیں۔ مثلاً مارکیٹ لانگ ٹرم پر ایک ڈاؤن ٹرینڈ میں ہوگی لیکن درمیان میں کچھ روز کے لیے سائیڈ ویز میں چل رہی ہوگی۔
ٹرینڈز کو کیسے سمجھا جاتا ہے؟
مارکیٹ کے ٹرینڈز کو سمجھنے کے لیے ٹریڈرز مختلف ٹیکنیکل ٹولز استعمال کرتے ہیں۔ ان ٹولز کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ قیمتوں کے شور (noise) کو کم کر کے اصل رجحان کو واضح کیا جائے۔ ان ٹولز میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے ٹولز موونگ ایوریجز ہیں۔ موونگ ایوریج دراصل قیمتوں کی اوسط ہوتی ہے جو ٹرینڈ کو واضح کرنے میں مدد دیتی ہے۔
ہم یہاں چار اہم موونگ ایوریجز کا ذکر کریں گے:
-
SMA
-
EMA
-
HMA
-
VWMA
سمپل موونگ ایوریج (SMA)
سمپل موونگ ایوریج سب سے بنیادی اور آسان ٹول ہے۔ اس کو سمجھنے کے لیے ایک عام مثال لیتے ہیں۔ فرض کریں آپ جاننا چاہتے ہیں کہ پچھلے سات دنوں میں آپ کے شہر کا اوسط درجہ حرارت کیا تھا۔ اس کے لیے آپ سات دنوں کا درجہ حرارت جمع کریں گے اور اسے سات سے تقسیم کر دیں گے۔
اگر درجہ حرارت اس طرح ہو:
30 + 31 + 29 + 32 + 30 + 28 + 31
تو اس کا اوسط تقریباً 30 ڈگری بنے گا۔
بالکل یہی طریقہ کرپٹو مارکیٹ میں استعمال ہوتا ہے۔ مثلاً اگر ہم 10 دن کی SMA نکالنا چاہیں تو ہم پچھلے 10 دنوں کی قیمتوں کو جمع کر کے 10 سے تقسیم کر دیتے ہیں۔ اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ روزانہ کے چھوٹے اتار چڑھاؤ ختم ہو جاتے ہیں اور ہمیں مارکیٹ کی مجموعی سمت سمجھ آ جاتی ہے۔
مثال کے طور پر اگر بٹ کوائن کی قیمت ایک دن میں اچانک گر جائے تو SMA فوراً بہت زیادہ تبدیل نہیں ہوتی۔ اس طرح ہمیں گھبراہٹ سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

ایکسپوننشل موونگ ایوریج (EMA)
ای ایم اے بھی SMA کی طرح ایک اوسط ہے، لیکن اس میں ایک اہم فرق ہوتا ہے۔ EMA حالیہ قیمتوں کو زیادہ اہمیت دیتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر ہم 10 دن کی EMA نکال رہے ہوں تو اس میں آخری دنوں کی قیمتوں کو زیادہ وزن دیا جاتا ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ EMA مارکیٹ کی نئی تبدیلیوں پر جلد ردعمل دیتی ہے۔
فرض کریں بٹ کوائن کئی دنوں سے 60 ہزار کے قریب چل رہا تھا اور اچانک 65 ہزار تک پہنچ گیا۔ اس صورت میں EMA جلدی اوپر کی طرف مڑ جائے گی جبکہ SMA نسبتاً آہستہ حرکت کرے گی۔ اسی وجہ سے بہت سے ٹریڈرز EMA کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔

ہل موونگ ایوریج (HMA)
ہم موونگ ایوریج نسبتاً جدید موونگ ایوریج ہے جسے اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس میں تاخیر کم ہو۔ عام طور پر موونگ ایوریجز میں ایک مسئلہ ہوتا ہے جسے لیگ (lag) کہا جاتا ہے۔ یعنی جب تک ٹرینڈ واضح ہوتا ہے، قیمت کافی حد تک حرکت کر چکی ہوتی ہے۔ HMA اس تاخیر کو کم کرنے کی کوشش کرتی ہے اور کافی حد تک کم کر بھی دیتی ہے۔
یہ پیچیدہ حساب کے ذریعے قیمتوں کی اوسط کو اس طرح ایڈجسٹ کرتی ہے کہ لائن زیادہ ہموار بھی رہے اور جلدی ردعمل بھی دے۔ عملی طور پر دیکھا گیا ہے کہ HMA اکثر قیمت کے قریب رہتی ہے اور ٹرینڈ کی تبدیلی جلد ظاہر کرتی ہے۔ اسی لیے کچھ ٹریڈرز اسے تیزی سے بدلتی ہوئی مارکیٹ کے لیے مفید سمجھتے ہیں۔ ہماری رائے بھی یہی ہے کہ اس کا نتیجہ دیگر موونگ ایوریجز کے مقابلے میں کافی بہتر ہوتا ہے۔

والیوم ویٹڈ موونگ ایوریج (VWMA)
والیم ویٹڈ موونگ ایوریج ایک اور اہم ٹول ہے جو صرف قیمت نہیں بلکہ ٹریڈنگ والیوم کو بھی مدنظر رکھتا ہے۔ والیوم کا مطلب ہے کہ کسی مخصوص وقت میں کتنی مقدار میں خرید و فروخت ہوئی۔ اس کو سمجھنے کے لیے ایک سادہ مثال لیتے ہیں۔ فرض کریں دو آئس کریم کے فلیور ہیں:
-
چاکلیٹ
-
ونیلا
اگر چاکلیٹ کے 100 اسکوپس فروخت ہوئے اور ونیلا کے صرف 10 اسکوپس، تو واضح ہے کہ چاکلیٹ زیادہ مقبول ہے۔
VWMA بھی اسی اصول پر کام کرتی ہے۔ یہ ان قیمتوں کو زیادہ اہمیت دیتی ہے جہاں زیادہ ٹریڈنگ ہوئی ہو۔ مثلاً اگر بٹ کوائن کی قیمت 60 ہزار پر ہو اور اس وقت بہت زیادہ خرید و فروخت ہو رہی ہو تو VWMA اس قیمت کو زیادہ اہمیت دے گی۔ اس سے ٹریڈرز کو یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ اصل سرگرمی کہاں ہو رہی ہے۔ لیکن اسے سمجھنا نسبتاً پیچیدہ ہوتا ہے۔

موونگ ایوریج کی حدود
یہ بات یاد رکھنا ضروری ہے کہ موونگ ایوریج ایک لیگنگ انڈیکیٹر ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ ہمیشہ قیمت کے بعد ردعمل دیتی ہے۔ یعنی جب ٹرینڈ شروع ہو جاتا ہے تو موونگ ایوریج کچھ دیر بعد اس کی تصدیق کرتی ہے۔
اسی لیے صرف موونگ ایوریج پر انحصار کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ سمجھدار ٹریڈرز عام طور پر اسے دوسرے انڈیکیٹرز اور مارکیٹ کے بنیادی عوامل کے ساتھ استعمال کرتے ہیں۔
کرپٹو مارکیٹ میں ٹرینڈز کیوں بنتے ہیں؟
کرپٹو مارکیٹ میں ٹرینڈز کئی مختلف عوامل کی وجہ سے بنتے ہیں۔
ان میں سے چند اہم عوامل یہ ہیں:
1۔ خبریں اور عالمی واقعات
کرپٹو مارکیٹ خبروں سے بہت زیادہ متاثر ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر کوئی بڑی کمپنی اعلان کرے کہ وہ بٹ کوائن کو ادائیگی کے طور پر قبول کرے گی تو مارکیٹ میں جوش پیدا ہو جاتا ہے اور قیمت بڑھ سکتی ہے۔ اس کی ایک بڑی مثال Tesla کا بٹ کوائن خریدنا تھا۔ جب یہ خبر آئی تو بٹ کوائن کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا۔
اسی طرح اگر کوئی حکومت کرپٹو پر پابندی لگانے کا اعلان کرے تو مارکیٹ میں خوف پھیل سکتا ہے اور قیمت گر سکتی ہے۔ لیکن یاد رہے کہ خبروں کا اثر ہمیشہ نہیں ہوتا اور نہ ہی ہمیشہ ایک جیسا ہوتا ہے۔
2۔ مارکیٹ سینٹیمنٹ
مارکیٹ سینٹیمنٹ کا مطلب ہے سرمایہ کاروں کا مجموعی موڈ۔ اگر سرمایہ کار پر امید ہوں تو وہ زیادہ خریداری کرتے ہیں جس سے قیمت بڑھتی ہے۔ اس کے برعکس اگر مارکیٹ میں خوف پھیل جائے تو لوگ جلدی جلدی فروخت کرنے لگتے ہیں۔
اس کے لیے کرپٹو مارکیٹ میں ایک مشہور انڈیکس بھی استعمال ہوتا ہے جسے Fear & Greed Index کہا جاتا ہے۔ سرمایہ کاروں کا یہ موڈ خود کئی چیزوں سے متاثر ہوتا ہے جیسے خبریں، مستقبل کی امید، بٹ کوائن سائیکلز وغیرہ۔
3۔ ٹیکنالوجی کی ترقی
کرپٹو کرنسیز بلاک چین ٹیکنالوجی پر مبنی ہوتی ہیں۔ اگر کسی کرپٹو نیٹ ورک میں بڑی تکنیکی اپ گریڈ ہو جائے تو اس کی قیمت پر مثبت اثر پڑ سکتا ہے۔ مثلاً اگر کسی بلاک چین کی ٹرانزیکشن فیس کم ہو جائے یا رفتار بڑھ جائے تو سرمایہ کار اس میں زیادہ دلچسپی لینے لگتے ہیں۔ لیکن یہ زیادہ تر زیادہ مارکیٹ کیپ والی کرنسیز میں ہوتا ہے۔
4۔ حکومتی قوانین
دنیا بھر کی حکومتیں کرپٹو کرنسیز کے حوالے سے مختلف پالیسیاں بنا رہی ہیں۔ اگر قوانین واضح اور دوستانہ ہوں تو مارکیٹ میں اعتماد بڑھتا ہے۔ لیکن اگر سخت قوانین نافذ ہوں تو سرمایہ کار محتاط ہو جاتے ہیں اور قیمتوں پر دباؤ آ سکتا ہے۔
نتیجہ
کرپٹو مارکیٹ بظاہر پیچیدہ نظر آتی ہے لیکن اگر بنیادی اصول سمجھ لیے جائیں تو اس کو سمجھنا آسان ہو جاتا ہے۔ SMA، EMA، HMA اور VWMA جیسے ٹولز ٹریڈرز کو یہ سمجھنے میں مدد دیتے ہیں کہ مارکیٹ کس سمت جا رہی ہے اور قیمتوں کے پیچھے کیا رجحان موجود ہے۔
لیکن یہ بھی یاد رکھنا ضروری ہے کہ مارکیٹ صرف چارٹس سے نہیں چلتی۔ خبریں، سرمایہ کاروں کے جذبات، ٹیکنالوجی کی ترقی اور حکومتی پالیسیاں بھی قیمتوں پر گہرا اثر ڈالتی ہیں۔ اس لیے جو لوگ کرپٹو مارکیٹ میں داخل ہونا چاہتے ہیں ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ صرف قیمت نہ دیکھیں بلکہ اس کے پیچھے موجود عوامل کو بھی سمجھنے کی کوشش کریں۔
جب آپ اگلی بار بٹ کوائن یا کسی اور کرپٹو کرنسی کی قیمت میں اچانک اضافہ یا کمی دیکھیں گے تو آپ بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے کہ اس تبدیلی کے پیچھے کون سے عوامل کام کر رہے ہیں اور ٹریڈرز اس مسلسل بدلتی ہوئی مارکیٹ میں کیسے فیصلے کر رہے ہیں۔