مارکیٹ کہاں جا رہی ہے؟ ویکلی بٹ کوائن اینالائسس، بتاریخ 02 مارچ 2026

بٹ کوائن اینالائسس

عالمی جنگوں، آبنائے ہرمز کی بندش، تیل کی بڑھتی قیمتوں اور ٹیرف کی ٹینشنز کے دوران بٹ کوائن کی پرائس کہاں ہے اور کہاں جا رہی ہے؟ آئیے! ویکلی بٹ کوائن اینالائسس میں اس پر کچھ بات کرتے ہیں:

لانگ ٹرم رجیم:

اگر آپ ڈیلی اینالائسس دیکھتے رہتے ہیں تو یقیناً بٹ کوائن کے لانگ ٹرم رخ سے آگاہ ہوں گے۔ بٹ کوائن لانگ ٹرم میں ایک وسیع ڈاؤن ٹرینڈ میں چل رہا ہے۔ اس نے چھ اکتوبر 2025 کو اپنا آل ٹائم ہائی بنایا تھا جو 126000 ڈالر سے اوپر تھا۔ بوقت تحریر بٹ کوائن کی قیمت 65000 کے آس پاس ہے جو کہ آل ٹائم ہائی سے تقریباً 48 فیصد ڈاؤن ہے۔

گزشتہ ایک سال یعنی 365 دن کی بات کریں تو بٹ کوائن تقریباً 22 فیصد ڈاؤن ہے۔ یہ آل ٹائم ہائی اور اس کے بعد ڈاؤن ٹرینڈ بٹ کوائن کے معروف چار سالہ سائیکلز کے مطابق ہے جس میں ایک سال بل رن، ایک سال بئیر مارکیٹ اور دو سال ریکوری کے ہوتے ہیں۔

اس سائیکل کے مطابق اگر بٹ کوائن اپنی بئیر مارکیٹ میں ہے اور یہ بئیر مارکیٹ اکتوبر سے شروع ہوئی ہے تو اسے 2026 کے اگست تا اکتوبر کے عرصے تک جاری رہنا چاہیے۔ ابھی چونکہ مارچ شروع ہوا ہے تو اس بئیر مارکیٹ کا وقت مکمل ہونے میں ابھی کافی وقت باقی ہے جب کہ قیمت ابھی سے 60،000 کی رینج میں آ چکی ہے۔ اس حساب سے باٹم کیا ہوگا؟ ابھی ہم کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن یہ اندازہ ضرور لگا سکتے ہیں کہ بٹ کوائن نے ابھی اپنا باٹم نہیں بنایا ہے۔

بٹ کوائن سائیکلز اور سپر سائیکل

زیادہ تر کرپٹو اینالاسٹس کا یہ خیال تھا کہ ہم اس بار بٹ کوائن کا سپر سائیکل دیکھیں گے، یعنی بجائے ایک سالہ بل رن کے، کئی سال پر محیط بل رن ہمیں نظر آئے گا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بٹ کوائن کو ریزرو میں شامل کرنے کی وجہ سے اس کی حیثیت کسی حد تک سونے کے قریب ہو گئی تھی اور سونے کے سائیکلز طویل ہوتے ہیں۔

اس پر میں نے 2025 کے آغاز میں شیخ زید اسلامک سینٹر کراچی میں کچھ دوستوں سے بات کرتے ہوئے یہ کہا تھا کہ ابھی اگرچہ ہم یقین سے سپر سائیکل کا نہیں کہہ سکتے لیکن امکان ضرور ہے۔ اس وقت تک بٹ کوائن ریزرو میں شامل نہیں ہوا تھا۔ اس کے بعد جب بٹ کوائن کو ریزرو میں شامل کیا گیا تو میری رائے یہ تھی کہ سپر سائیکل کا امکان پچاس فیصد ہے۔ یعنی پچاس فیصد امکان یہی تھا کہ سپر سائیکل نہیں ہوگا۔ اب ہم یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ بٹ کوائن اپنے عام سائیکلز میں ہی چل رہا ہے۔

امریکی ریزرو اور سائیکلز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2025 میں صدارتی انتخابات جیتنے کے بعد بٹ کوائن کو ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے امریکی ریزروز میں شامل کیا۔ یہ چیز بٹ کوائن کے سائیکلز کو سپر سائیکل میں بدل سکتی تھی لیکن اگلے دنوں میں دو کام ہوئے جنہوں نے اس امکان کو کم کر دیا:

  1. امریکی حکومت کی جانب سے یہ وضاحت کی گئی کہ امریکہ مزید بٹ کوائن نہیں خریدے گا بلکہ اس کے پاس جو پہلے سے موجود ہیں انہیں ہی ریزرو میں رکھے گا۔ اس سے بائنگ پریشر کا امکان صفر ہو گیا۔
  2. یہ معاملہ ایگزیکٹو آرڈر کی حد تک ہی رہا اور اس پر باقاعدہ قانون سازی نہیں ہوئی۔ اس سے اس بات کا مکمل امکان موجود ہے کہ صدر ٹرمپ یا آئندہ کسی صدر کی جانب سے اس آرڈر کو منسوخ کر دیا جائے۔

ان دونوں چیزوں نے بٹ کوائن کو نہ تو سونے کی حیثیت دی اور نہ ہی اس کے سائیکلز یا قیمت میں ایسی تبدیلی کی جس کی اینالسٹس توقع کر رہے تھے۔ یاد رہے کہ بعض اینالسٹس 240،000 سے لے کر ایک ملین ڈالر تک کی توقع رکھ رہے تھے۔

موجودہ حالت اور بٹ کوائن اینالائسس

موجودہ حالت میں یہ بات واضح ہو چکی ہے بٹ کوائن اپنی بئیر مارکیٹ سے گزر رہا ہے۔ جب بٹ کوائن نے اپنا آل ٹائم ہائی بنایا تھا تو ہم اس وقت بھی بئیرش سینٹیمینٹس رکھتے تھے جس کا میں نے اپنے ٹیلیگرام چینل میں اظہار کیا تھا۔ اب وہ بئیر مارکیٹ جاری ہے۔ اس وقت بٹ کوائین نے اپنا نچلا پوائنٹ 60000 تک بنایا ہے اور مسلسل ساٹھ ہزار سے ستر ہزار کی رینج میں چل رہا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بٹ کوائن نے کئی بار اس رینج کے اوپری حصے کو چھونے کی کوشش کی لیکن اسے پار نہیں کر سکا۔

Bitcoin Chart Range box

اگر آپ اوپر موجود تصویر دیکھیں تو اس میں ایک باکس دکھایا گیا ہے جو 56500 سے لے کر 89000 تک ہے۔ اس میں موجودہ رینج کو سبز اور سرخ لائنوں سے ہائی لائٹ کیا ہوا ہے جب کہ چارٹ کے نچلے حصے میں ایک پرپل لائن ہے۔ چارٹ کے اوپر دو نیلی لائنیں ہیں۔ یہ چارٹ ایک رینج باکس ہے جس میں اس وقت بٹ کوائن کی قیمت چل رہی ہے۔

چونکہ مارکیٹ کبھی ایک رخ میں مسلسل نہیں چل سکتی اس لیے ہر بل اور بئیر مارکیٹ میں چھوٹی بل اور بئیر موومنٹس ہوتی ہیں۔ یہ چھوٹی بل اور بئیر موومنٹس ایک رینج میں چلتی ہیں جسے سائیڈ ویز رینج کہا جاتا ہے۔ اگر اس وقت بالکل چھوٹی سائیڈ ویز رینج کی بات کی جائے تو وہ ساٹھ ہزار سے ستر ہزار کے درمیان ہے جیسا کہ چارٹ سے واضح ہے۔ اور اگر بڑی رینج کی بات کی جائے تو وہ اس باکس کے مطابق ہے۔

یہ باکس موجودہ رینج کا نچلا حصہ بتا رہا ہے جو 60000 سے 56500 کے درمیان ہے، نیز اس میں اوپری حصہ بھی واضح ہے جو 84000 سے 89000 کے درمیان ہے۔ اگر پرائس اس رینج کو نہیں توڑتی تو آنے والے دنوں اور مہینوں میں ہمیں یہ توقع ہے کہ پرائس اگلی نیگیٹو موومنٹ سے پہلے اس باکس کے اوپری حصے کو چھو کر آئے گی۔

عالمی حالات اور مارکیٹ

گزشتہ روز امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا جس میں ایرانی سپریم لیڈر سمیت کئی بڑے افسران کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ایرانی جوابی حملوں میں کئی اسرائیلی شہری اور مبینہ طور پر امریکی فوجی بھی مارے جا چکے ہیں۔ اس معاملے کا اصولاً مارکیٹ پر منفی اثر ہونا چاہیے تھا لیکن جنگ کے پرائس ان ہونے کی وجہ سے اس کی توقع کم تھی اور ایسا ہی ہوا۔ بٹ کوائن کی قیمت وقتی طور پر نیچے آئی لیکن پھر سنبھل گئی۔

البتہ اگر بغور دیکھا جائے تو اس کی قیمت سنبھلنے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ زیادہ تر لوگوں کا خیال تھا کہ اتنے بڑے ایرانی نقصان کے بعد یہ جنگ رک جائے گی۔ لیکن ابھی تک ایسا ہوا نہیں ہے اور ایران نے سنبھل کر حملے کرنا شروع کر دیے ہیں اور آبنائے ہرمز بھی بند کر دی ہے جہاں سے دنیا کا تقریباً بیس فیصد تیل سپلائی ہوتا ہے۔ اگر یہ جنگ بڑھتی ہے تو اس کا اثر تیل کی قیمتوں پر آئے گا جس کے نتیجے میں مارکیٹس میں پینک اور مندی آئے گی۔ یہ مندی بٹ کوائن پر بھی اثر ڈال سکتی ہے۔ البتہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے۔

خلاصہ

اس مکمل گفتگو کا خلاصہ یہ ہے کہ اس وقت بٹ کوائن کی قیمت ایک سائیڈ ویز رینج میں چل رہی ہے۔ عالمی جنگی حالات دگر گوں ہیں لیکن ابھی تک ہم نے ان کا کوئی خاص اثر دیکھا نہیں ہے۔ ممکن ہے کہ اگلے کچھ دن میں ان کا اثر نظر آئے۔ اوور آل بٹ کوائن بئیرش سائیکل سے گزر رہا ہے اور سائیڈ ویز رینج کے اوپری حصے سے اوپر جانے کے امکانات کم ہیں۔

اس بئیرش مارکیٹ کا باٹم کیا ہوگا؟ یہ کہنا قبل از وقت ہے۔ لیکن مارکیٹ کی موومنٹ اور رفتار کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ باٹم چالیس ہزار تا اڑتالیس ہزار کے درمیان ہو سکتا ہے۔ اگر اسٹریٹجی جیسی بڑی کمپنیوں میں ڈیفالٹ دیکھنے کو ملتا ہے یا اور کوئی بڑی منفی صورت حال پیش آتی ہے تو باٹم پینتیس ہار تک بھی بن سکتا ہے۔ اس لیے موجودہ مارکیٹ میں ٹریڈرز کو سوچ سمجھ کر اور رسک مینجمنٹ کے ساتھ ٹریڈ کرنی چاہیے۔

اینالسٹ: مفتی اویس پراچہ

نوٹ: یہ اینالائسس معلوماتی مقاصد کے لیے ہے، اس میں کوئی انویسٹمنٹ ایڈوائس نہیں دی گئی۔

ٹیگز:
شئیر کیجیے: